Live Updates

بلوچستان اسمبلی میں حکومتی ارکان نے بجٹ کو عوام دوست قرار دیا، اپوزیشن کا مختلف شعبوں میں ترقیاتی بجٹ میں اضافے کامطالبہ

جمعہ 20 جون 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) بلوچستان اسمبلی میں حکومتی ارکان نے بجٹ کو عوام دوست جبکہ اپوزیشن نے مختلف شعبوں میں ترقیاتی بجٹ میں اضافے کامطالبہ کردیا۔ جمعہ کو بلو چستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر کیپٹن(ر)عبد الخالق اچکزئی کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میریونس عزیز زہری نے کہاکہ صوبائی حکومت اپنی آمدن میں اضافہ کرے ،وفاقی حکومت صوبے کے حالات کی بہتری کیلئے صوبے کو رقم کی ادائیگی کرے ،صحت،زراعت ،لائیو سٹاک ،لوکل گورنمنٹ ،صنعت اور آبنوشی کیلئے رقم کم مختص کی گئی ہے ،عوامی ضروریات کے مطابق رقوم مختص کی جائیں ۔

رکن اسمبلی مولاناہدایت الرحمن بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کی آبادی زیادہ ،رقبہ بہت بڑا لیکن ترقیاتی بجٹ کم ہے ،اس بجٹ سے طول وعرض کے مسائل کے حل نہیں ہوپائیں گے ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری عبدالصمد گورگیج نے کہاکہ بلوچستان حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیاہے ، محکمہ تعلیم کیلئے جو رقم رکھی ہے صحیح طرح سے ڈلیور ہونی چاہیے ، بہت سے سکولز بند ہیں ،اساتذہ غیرحاضر ہیں ۔

رکن اسمبلی خیر جان بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں حالات کی بہتری کے اقدامات کرنے ہوں گے ، نوجوان بلوچستان میں ترقی چاہتے ہیں ، بلوچستان کو ماڈرن دنیا کے ساتھ ملاناہے تو جدید تقاضوں کو اپنایاجائے ۔اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کا کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ۔بعدازاں اسمبلی اجلاس بروز ہفتہ 3بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات