محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں کے روٹس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،ایس ایس پی ملیر

جمعہ 20 جون 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) ایس ایس پی (ملیر)کراچی لیفٹیننٹ کمانڈر (ر)کاشف آفتاب عباسی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، کنٹرول روم کاقیام اور موثر نگرانی کے انتظامات کیے جائیں گے۔جمعہ کو ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایس ایس پی آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایس پی ملیر، ڈی ایس پی ملیر سٹی، ایس ایچ اوز، پولیس افسران ، انٹیلیجنس اسٹاف ،مختلف امام بارگاہوں کے علمائے کرام، ذاکرین، منتظمین اور پرمٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔شرکاء نے جلوس کے راستوں سے تجاوزات کے خاتمے، خراب اسٹریٹ لائٹس، صفائی، پانی کی فراہمی اور بروقت پولیس رسپانس جیسے مسائل پر بات کی ۔ایس ایس پی ملیر نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے تاکہ عزاداران کو مکمل فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔