طلبہ کو تعلیمی وظائف کی فراہمی، چیئرمین زکو ة و عشر کمیٹی سوات وائس چانسلر سوات یونیورسٹی کو 10 لاکھ کا چیک پیش کردیا

ہفتہ 21 جون 2025 04:15

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)چیئرمین زکو ةو عشر کمیٹی ضلع سوات ملک آصف شہزاد نے یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر کو دس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا تاکہ طلبہ کو تعلیمی وظائف دیے جا سکیں، اس رقم سے 15 مستحق طلبہ مستفید ہوں گے، جن میں 7 بی ایس اور 8 ایم فل/پی ایچ ڈی کے طلبہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک آصف شہزاد نے کہا کہ سوات کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے منتخب اراکین کو چاہئے کہ وہ یونیورسٹی آف سوات کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور اس تعلیمی ادارے کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے تعاون کریں۔

چیئرمین نے یونیورسٹی آف سوات میں موسم گرما کی شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا اور خود ایک پودا لگا کر اس مہم کا آغاز کیا۔ یہ اقدام ماحولیات کی بہتری اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے اس تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی مالی معاونت طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے میں مدد دیتی ہے اور معاشرے میں علم کی روشنی پھیلانے کا باعث بنتی ہے۔یہ اقدام یونیورسٹی آف سوات، اس کے طلبہ، اور پورے خطے کے لیے ایک امید افزا اور خوش آئند پیش رفت ہے۔