برآمدات میں اضافے کیلئے ماضی سے مختلف اورانقلابی اندازاپنانا ہوگا‘ نجم مزاری

ہفتہ 21 جون 2025 21:45

برآمدات میں اضافے کیلئے ماضی سے مختلف اورانقلابی اندازاپنانا ہوگا‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2025ء) برآمدات کی موجودہ فہرست کے ساتھ آئندہ پانچ سالوںمیں 60ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف کا حصول انتہائی مشکل ہے ،برآمدات میں اضافے کیلئے ماضی سے مختلف اور انقلابی انداز اپنانا ہوگا،برآمدات کے تناظر میں عالمی رجحانات کا جائزہ اوراپنی صلاحیتوں کو عالمی طلب کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہوگا،حکومت سرپرستی کرے تو پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات میں عالمی سطح پر بڑا نام پیدا کر سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے ’’ آرگینک خوراک ، مصنوعات کی ابھرتی ہوئی اربوں ڈالر کی عالمی مارکیٹ اور ہماری سمت ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت خود تسلیم کرتی ہے کہ برآمدی معیشت کے بغیر پاکستان پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتا جبکہ اس کے برعکس برآمدات کے فرو غ کے لئے وہ کاوشیں نظر نہیں آتیں جو حکومت کے عزم کو تقویت دیتی ہوں ۔

بڑے اداروں کی ریسرچ رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے ، طلب کو دیکھتے ہمیں اس طرف فی الفور پیشرفت کرنی چاہیے ۔حکومت آرگینک خوراک اور مصنوعات کو برآمدی فہرست میں شامل کرے ،برانڈنگ،معیاری پیکجنگ اور سرٹیفیکیشن کے لئے معاونت کی جائے ،خوراک اور زراعت کے حوالے سے بین الاقوامی ایکسپوز میں پاکستانی آرگینک خوراک اور مصنوعات کے سٹالزکے لئے مالی اور تکنیکی معاونت دی جائے،بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر آرگینک ڈسپلے سینٹرز قائم کیے جائیں جس سے پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات کومتعارف کروانے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان اقدامات پر موثر عملدرآمد کیا جائے تو پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے اور اس سے دیہی معیشت کو بھی مستحکم کیا جا سکتا ہے۔