شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور ب فارم بنوانے کے قواعد میں تبدیلیاں

وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر نادرا نے ایک جامع اصلاحات کی تجویز تیار کی جس کو وفاقی کابینہ نے منظور کیا، نادرا کی جانب سے ان اصلاحات کے نفاذ کا مرحلہ شروع کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 21 جون 2025 11:20

شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور ب فارم بنوانے کے قواعد میں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون 2025ء ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور ب فارم بنوانے کے قواعد میں تبدیلیاں کردی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نادرا نے قومی شناختی کارڈ قواعد 2002ء میں ترامیم کی ہیں جن کا مقصد شناختی نظام کو جدید بنانا، جعلسازی کو ختم کرنا اور مجموعی سکیورٹی کو بڑھانا ہے، اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر نادرا نے ایک جامع اصلاحات کی تجویز تیار کی جس کو وفاقی کابینہ نے منظور کیا، نادرا کی جانب سے ان اصلاحات کے نفاذ کا مرحلہ شروع کردیا گیا۔

نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد کسی بھی قسم کی جعلی رجسٹریشن کو روک تھام اور بچوں کی سمگلنگ کو مؤثر طریقے سے روکنا ہے، نئے قواعد کے تحت اب ب فارم حاصل کرنے کے لیے یونین کونسل میں پیدائش کا اندراج لازمی ہوگا، 3 سال سے کم عمر بچوں کو بایومیٹرک ڈیٹا یا تصاویر فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم 3 سے 10 سال کی عمر کے بچوں کو تصویر فراہم کرنی ہوگی اور آئرِس سکین بھی کرانا لازمی ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ 10 سے 18 سال کے بچوں کے لیے تصویر، بایومیٹرک ڈیٹا اور آئرِس سکین لازمی ہوں گے، نئے قواعد کے تحت ہر بچے کو ایک الگ ب فارم جاری کیا جائے گا جس پر اس کی مدت درج ہوگی، موجودہ ب فارم کو منسوخ نہیں کیا جائے گا مگر پاسپورٹ کے اجراء کے لیے نیا ب فارم ضروری ہوگا جب کہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یعنی ایف آر سی کو اب قانونی دستاویز کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ درخواست گزاروں کو اب ایف آر سی میں فراہم کردہ معلومات کی درستگی کی تصدیق کرنے والا ایک بیان جمع کرانا ہوگا، شہری صرف نادرا کے ریکارڈ کی بنیاد پر ایف آر سی حاصل کر سکیں گے، تمام اہل خانہ بشمول وہ جو پہلے غیر رجسٹرڈ تھے ان سب کو اب سسٹم میں شامل کیا جائے گا، شہری نادرا کے دفاتر یا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے خاندان کے ڈیٹا کی تصدیق یا اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں، ایک مرد کی متعدد شادیوں کے حوالے سے اس کی تمام بیویوں اور بچوں کی تفصیلات اب ایف آر سی میں شامل کی جائیں گی، خواتین کو اپنے شناختی کارڈ پر اپنے والد یا شوہر کا نام شامل کرنے کا اختیار ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ سی این آئی سی کارڈز کی منسوخی، ضبطی یا بحالی کے فیصلے اب 30 دنوں کے اندر کیے جائیں گے، نادرا نے بغیر چِپ والے کارڈ میں سمارٹ کارڈز کی بیشتر خصوصیات شامل کرلی ہیں جو اب کم قیمت اور کم وقت میں جاری کیے جائیں گے، ان نئے کارڈز میں اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تفصیلات شامل ہوں گی اور ایک کیو آر کوڈ بھی شامل کیا جائے گا جس کے لیے کوئی بھی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :