Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کا ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں ضمنی الیکشن لڑنے یا نہ لڑنے پر ووٹنگ کرائی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اگست 2025 11:45

پاکستان تحریک انصاف کا ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ ہوا، اس حوالے سے سیاسی کمیٹی میں ضمنی الیکشن لڑنے یا نہ لڑنے پر ووٹنگ کرائی گئی جہاں ارکان کی اکژیت نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے حق میں رائے دی۔

ارکان سیاسی کمیٹی نے مؤقف اپنایا کہ سیاسی مخالفین کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہیئے، جس کے بعد سیاسی کمیٹی نے مختلف حلقوں میں ضمنی الیکشن کی تیاریوں کی ہدایت کی، تاہم اجلاس میں محمود اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نامزدگی پر سیاسی کمیٹی کی جانب سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی کی اکثریت پی ٹی آئی سے ہی اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی خواہشمند ہے، اس لیے سیاسی کمیٹی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکی نامزدگی پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، امکان ہے کہ سیاسی کمیٹی آج کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سے متعلق حتمی فیصلہ کرلے گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئر مین عمران خان نے ضمنی انتخابات کا معاملہ سیاسی کمیٹی پر چھوڑ دیا تھا، پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینٹ میں اپوزیشن لیڈر اعظم خان سواتی کو نامزد کیا ہے، پنجاب اسمبلی کےلئے 5 نام مانگے ہیں جن میں سے ایک کو نامزد کریں گے، جب کہ عمران خان نے ضمنی انتخابات کا معاملہ سیاسی کمیٹی پر چھوڑا ہے، انہوں نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کرنے کا اختیار پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کو دیدیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سہیل وڑائچ کا کالم میں نے پڑھا ہی نہیں، عمران خان کو جب پتہ چلے گا تو عمران خان کا مؤقف واضح ہو گا کہ ہم تحقیقات چاہتے ہیں تاکہ سچ سامنے آئے، تاریخ ہمیشہ حق کا ساتھ دیتی ہے، ہمیں معلوم ہے الیکشن کیسے اور کس نے لوٹا اور عدلیہ کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ یہ کچھ سب قوم کے سامنے ہے، اس صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں کو اور تمام اداروں کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا اور فیصلہ کرنا ہوگا کہ آگے کیسے بڑھنا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات