سلامتی کونسل کی فہرست، صرف مسلمان ہی دہشتگرد کیوں عاصم افتخار

سلامتی کونسل کی فہرست میں ایک بھی غیر مسلم دہشت گرد موجود نہیں۔ یہ صورتحال بدلنی چاہیے‘سلامتی کونسل سے خطاب

جمعرات 21 اگست 2025 12:22

سلامتی کونسل کی فہرست، صرف مسلمان ہی دہشتگرد کیوں عاصم افتخار
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تمام افراد مسلمان ہیں جبکہ غیر مسلم انتہا پسند اور دہشت گرد اکثر احتساب سے بچ نکلتے ہیں۔ سفیر عاصم افتخار نے یہ بات سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہی جس کا موضوع ’دہشت گردانہ کارروائیوں سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات‘ تھا۔

(جاری ہے)

پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ یہ سمجھ سے بالاتر اور قطعاً ناقابلِ قبول ہے کہ سلامتی کونسل کی فہرست میں ایک بھی غیر مسلم دہشت گرد موجود نہیں۔ یہ صورتحال بدلنی چاہیے۔ عاصم افتخار نے ساتھ ہی دنیا کو خبردار کیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان، بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کے درمیان تعاون علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔ سفیر پاکستان نے اعتراف کیا کہ افغان عبوری حکومت داعش خراسان (ISIL-K) کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے، تاہم فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی اور بلوچ عسکریت پسند گروہ افغانستان کے غیر حکومتی علاقوں میں تاحال پناہ لیے ہوئے ہیں۔