سی سی ڈی پولیس کے ایک اور مبینہ مقابلے میں خطرناک ڈکیت گینگ کا سرغنہ ہلاک

فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن ،12گھنٹوں کے دوران مبینہ پولیس مقابلوں میں 5ملزمان مارے گئے

ہفتہ 21 جون 2025 13:45

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) شیراکوٹ کے علاقہ میں سی سی ڈی پولیس کے ایک اور مبینہ مقابلے میں خطرناک ڈکیت گینگ کا سرغنہ ہلاک ہو گیا ،12گھنٹوں کے دوران مبینہ پولیس مقابلوں میں 5ملزمان مارے گئے۔ سی سی ڈی اے وی ایل ایس اقبال ٹائون کا خطرناک ڈکیت گینگ کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ملزم ہلاک ہوگیا ۔

ملزم کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی اے وی ایل ایس اقبال ٹائون قمر ساجدنے بتایا کہ ملزم لاہور سمیت پنجاب بھر میں وہیکلز چھیننے اور چوری ،ڈکیتی، نقب زنی سمیت 80 سے زائد سنگین جرائم میں مطلوب تھا ۔اے وی ایل ایس اقبال ٹان پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر تھانہ شیراکوٹ کی حدود میں ناکہ برائے چیکنگ لگا رکھا تھا ،ملزمان نے پولیس پارٹی کو ناکہ پر دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہو گیا ۔ ہلاک ملزم کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ دیگر مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔