سیالکوٹ، نیشنل اکیڈمی آف آرٹس اینڈ کلچر پاکستان کے زیر اہتمام 40 ویں تقریب تقسیم ایوارڈ

ہفتہ 21 جون 2025 16:56

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) سیالکوٹ میں نیشنل اکیڈمی آف آرٹس اینڈ کلچر پاکستان کے زیر اہتمام 40ویں تقریب تقسیم ایوارڈ منعقد ہوئی جس میں چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وائس چیئرمین ایئر سیال عمرمیر، وائس چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ لمیٹڈ فراز اکرم ا عوان، سابق سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر وقاص اکرم اعوان، سابق چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن چودھری قیصر محمود، سابق نائب صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت قیصر بیگ اور ممتاز صحافی و آرٹ اینڈ کلچر پروموٹر خالد لطیف چیئرمین سیالکوٹ آرٹ اینڈ کلچر سینٹرمہمان ذی وقار تھے۔

تقریب کی نظامت کے فرائض چیئرمین نیشنل اکیڈمی آف آرٹس اینڈ کلچر پاکستان محمد رفیع بٹ نے سرانجام دیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چیئرمین ائیر سیال عمر میر، خالد لطیف چیئرمین سیالکوٹ آرٹ اینڈ کلچر سینٹر، سابق نائب صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت قیصر بیگ، ممتاز صنعت کار عبدالغفور بٹ، میاں عتیق الرحمن ڈائریکٹر سیال، فیصل محمود،چودھری قیصر محمود، اشفاق مہے، شبیر احمد، حاجی نذیر احمد، عابد بھٹی، رضوان احمد، سید تجمل حسین،نقاش جٹ چیف آرگنائزر اے این ایف نیشنل ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ2025، رانا سہیل ڈائریکٹر سیال، عدنان یوسف کو نمایاں ایکسپورٹ اور سماجی خدمات پر ایوارڈ ز دئیے گئے جبکہ گلو کار انور رفیع، موسیقار مجاہد حسین اور گلوکارہ دیبا جہاں کو بھی فن و ثقافت میں اہم خدمات پر ایوارڈ زدئیے گئے۔

مہمان خصوصی فضل جیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رفیع بٹ نے پانچ دہائیوں سے سیالکوٹ میں فن و ثقافت کے حوالے سے جو گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں اس پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصل میں فن و ثقافت کے حوالے سے تسلسل سے کام کرنا کوئی آسان بات نہیں پھر سیالکوٹ جیسے چھوٹے شہر میں تفریخی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے جاری رکھنا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔

مہمان ذی وقارعمرمیر وائس چیئرمین ائیر سیال نے کہا کہ رفیع بٹ ایک ایسا انسان ہے جو دوسرے فن کاروں کی حوصلہ افزائی کرکے خوش ہوتا ہے اور سماجی و اقتصادی حوالے سے کام کرنے والی شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرکے دلی خوشی محسوس کرتا ہے۔سابق نائب صدر قیصر بیگ کا کہنا تھا کہ رفیع بٹ نے نیشنل اکیڈمی آف آرٹس اینڈ کلچر پاکستان کے پلیٹ فارم سے فن و ثقافت کے فروغ کے لئے ایک طویل عرصہ سے جو جدو جہد شروع کر رکھی ہے اس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

وائس چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ لمیٹڈ فراز اکرم ا عوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ جیسے چھوٹے شہر میں فنکاروں، صنعت کاروں، برآمد کندگان اور سماجی و ادبی خدمات سرانجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر سال ایک میلہ سجانا کوئی آسان کام نہیں جو رفیع بٹ اپنے تعلقات اور حسن اخلاق کی وجہ سے ممکن بنانے کا فن خوب جانتاہے۔ فراز اکرم ا عوان نے اپنی نظم سنا کر خوب داد حاصل کی جبکہ گلو کار انور رفیع اور گلوکارہ دیبا جہاں نے بہترین گلو کاری کا مظاہر ہ کر کے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔ میزبان محمد رفیع بٹ نے تمام شرکاء کا دلی شکریہ اداکرتے ہوئے انہیں سیالکوٹ میں فن و ثقافت کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھنے کی درخواست کی تاکہ یہ سلسلہ جاری و ساری رہے۔