Live Updates

غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری، 60 شہید

ہفتہ 21 جون 2025 21:10

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2025ء)فلسطینی علاقے غزہ میں امداد کی تلاش میں نکلنے والے نہتے شہری ایک بار پھر اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بن گئے۔اسرائیلی افواج کی جانب سے جمعہ کو مختلف مقامات پر کی گئی فضائی بمباری اور فائرنگ کے واقعات میں کم از کم 60 افراد شہید ہوگئے، جن میں 31 افراد وہ تھے جو خوراک اور امدادی سامان کیلیے قطاروں میں کھڑے تھے۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود باسل کے مطابق، جنوبی غزہ میں پانچ افراد کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ امدادی سامان کے انتظار میں کھڑے تھے، جبکہ مزید 26 فلسطینیوں کو وسطی علاقے نیٹساریم کاریڈور کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ یہ علاقہ اسرائیلی فوج کے زیرِ کنٹرول ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد خوراک کی تلاش میں پہنچتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے بیان میں دعویٰ کیا کہ ’’مشکوک افراد‘‘ کے قریب آنے پر پہلے وارننگ فائر کیا گیا، مگر جب وہ نہ رکے تو فضائی حملے کے ذریعے انہیں ہدف بنایا گیا۔

یہ واقعات ایسے وقت پیش آئے ہیں جب اسرائیل اور امریکا کی حمایت سے قائم کردہ ’’غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن‘‘ کے تحت امدادی مراکز کھولے گئے ہیں، تاہم اقوامِ متحدہ اور بڑی بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے اس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون سے انکار کیا ہے، کیونکہ ان کے مطابق یہ ادارہ اسرائیلی فوجی مقاصد کے تابع ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات