مسیحی عبادت گاہوں پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کیلئے پولیس تعینات

اتوار 22 جون 2025 18:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) سیالکوٹ میں پولیس افسران و جوانوں کی جانب سے مسیحی عبادت گاہوں پر بھرپور حفاظتی انتظامات کئے گئے۔

(جاری ہے)

اتوار کو ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او فیصل شہزاد کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے مسیحی عبادت گاہوں پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے لیے پولیس کے افسران و جوان ضلع بھر میں ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے جس کا مقصد مسیحی برادری کو تحفظ فراہم کرنا اور انہیں ان کی عبادت کو پر سکون ماحول میں کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں کے باہر پولیس افسران چاک و چوبند ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے۔ شرکاء کو چیک کر کے چرچز میں جانے دیا جاتا رہا، سینئر افسران فیلڈ میں موجود افسران کو چیک اور بریف کرتے رہے، واک تھرو گیٹ، میٹل ڈیٹیکٹر اور بیریئرز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، محافظ سکواڈ اور ایلیٹ فورس گشت کناں ہیں، مشکوک سامان، مشکوک گاڑیوں اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی بھی جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام ہمارا فرض ہے۔