نہروں میں نہانے سے گریز کریں، ایک لمحے کی غفلت پوری زندگی کا پچھتاوا بن سکتی ہے، سیالکوٹ پولیس

اتوار 22 جون 2025 18:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) سیالکوٹ پولیس کی جانب سے ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ نہروں میں نہانے سے گریز کریں کیونکہ ایک لمحے کی غفلت پوری زندگی کا پچھتاوا بن سکتی ہےلہٰذا احتیاط کریں اور محفوظ رہیں۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق حکومت پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں نہروں میں نہانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے ،اس لیے اپنی اور دوسروں کی زندگی کی قدر کریں اور نہروں میں نہانے سے باز رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ نہروں کا رخ کرتے ہیں لیکن نہروں میں نہانا خطرناک اور جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔اس لیے حکومت پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں نہروں میں نہانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، ہر سال سینکڑوں قیمتی جانیں نہروں میں نہانے سے ڈوب کر ضائع ہو جاتی ہیں لہٰذا والدین سے التماس ہے کہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں، شہری نہروں میں نہانے سے گریز کریں ، قانون کا احترام کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر کال کریں۔