Live Updates

علی امین گنڈاپور محض بڑھکیں مار رہے، وہ کسی بھی صورت اقتدار نہیں چھوڑ سکتے ،فیصل کریم کنڈی

اتوار 22 جون 2025 18:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسی بھی صورت اپنا اقتدار نہیں کھونا چاہتی، صوبائی حکومت وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے لیے سونے کا انڈا دینے والی مرغی ہے اور وہ کسی بھی صورت اقتدار نہیں چھوڑ سکتے ، وہ صرف بڑھکیں مار رہے ہیں کہ وہ اسمبلی توڑ دیں گے حالانکہ وہ ایسا نہیں کر سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت سینئر صحافی محمد عرفان مغل اور رپورٹر سعید اللہ مروت نے کی۔ وفد میں محمد ریحان، نوید سلطان، ایم صلاح الدین، احمد مغل، عبداللہ جان، حماد، نصرت، عادل وقار اور دیگر صحافی شامل تھے، ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان کے مسائل اورعوامی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اپنا بجٹ کسی بھی طریقے سے پاس کر لے گی کیونکہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی ملاقات ممکن نہیں ہے اور وہ کوئی حیلہ بہانہ کر کے اپنا بجٹ پاس کرنے کی کوشش کریں گے تاہم انہوں نے کہا کہ صوبے میں کسی بھی وقت ایمرجنسی کا امکان خارج از امکان نہیں ہے۔ بہرحال علی امین گنڈاپور اپنے اقتدار اور حکومت کو بچانے کے لیے کوئی نہ کوئی حربہ ا ضرور استعمال کریں گے جس سے ان کی صوبائی حکومت کو بچایا جا سکے۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ علاقائی بدامنی انتہائی تشویش ہے، اس حوالہ سے صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے حوالہ سے مختلف مراحل کا سروے جاری ہے، لفٹ کینال کے منصوبے میں واپڈا نے ری ٹینڈرنگ کے مرحلہ کا آغاز کردیا ہے اس حوالہ سے فیز وائز منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں لوڈ شیڈنگ ناقابل برداشت ہے ،واپڈا حکام سے اگلے چند روز میں دوبارہ میٹنگ کرکے اس حوالہ سے بات کی جائے گی، اگر صوبہ کو بجلی کا اختیار مل جائے تو بہتر ہوگا، بجلی چوری میں واپڈا اہلکار ملوث ہیں، انہوں نے کہا کہ انڈس ہائی وے یارک ٹول پلازہ کے حوالہ سے مقامی آبادی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا سدباب انتہائی ضروری ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات