لاہور میں موٹرسائیکل سوار لڑکی پر نامعلوم شخص کا تشدد

ملزم نے سرعام لڑکی کو بار بار تھپڑ مارے، سڑک پر بھی گھسیٹتا رہا ، شکایت موصول ہونے پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 اگست 2025 00:18

لاہور میں موٹرسائیکل سوار لڑکی پر نامعلوم شخص کا تشدد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2025ء) لاہور میں موٹرسائیکل سوار لڑکی پر نامعلوم شخص کا تشدد، ملزم نے سرعام لڑکی کو بار بار تھپڑ مارے، سڑک پر بھی گھسیٹتا رہا ، شکایت موصول ہونے پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک لڑکی کو سرعام تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا افسوسناک اور شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے تھانہ چونگ کی حدود میں ایک موٹرسائیکل سوار لڑکی کو ایک شخص نے راستے میں روکا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ لڑکی مارکیٹ سے خریداری کیلئے موٹرسائیکل پر گھر سے نکلی تھی۔ راستے میں ایک شخص نے لڑکی کو روکا اور پھر متعدد مرتبہ شرمناک انداز میں لڑکی کو تھپڑ مارے۔ ملزم لڑکی کو سڑک پر گھسیٹتا بھی رہا۔

(جاری ہے)

جائے وقوعہ کے قریب ایک گھر سے اس تمام واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کر لی گئی جسے بعد میں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا گیا۔

مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی، شہریوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے لڑکی پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والی لڑکی کی والدہ نے بیٹی پر تشدد کا مقدمہ درج کروا دیا، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ گھر سے سودا سلف لینے کے لیے میری بیٹی موٹر سائیکل پر گئی تو نامعلوم شخص نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

والدہ کے مطابق ملزم نے بیٹی آمنہ کو تشدد کے ساتھ ساتھ اغوا کرنے کی بھی کوشش کی۔ ملزم مکے اور تھپڑ مارنے کے ساتھ ساتھ بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹتا رہا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر کو ملزم کی گرفتاری کے لیے احکامات جاری کیے۔ بعد ازاں فرار ہو جانے کے باوجود ملزم کو سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا گیا۔