ضلع ہنگو میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا

اتوار 22 جون 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء)آمدہ محرم الحرام کے پیش نظر ضلع ہنگو میں امن و امان اور سیکورٹی کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنرہنگونے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت ضلع ہنگو کی حدود میں وال چاکنگ، ڈبل سواری (ما سوائے سرکاری/محرم الحرام کے فرائض میں مصروف ملازمین)، اشتعال انگیز فرقہ ورانہ نعری/تقریریں کرنے، کسی مذموم مقصد کیلئے عوامی مقامات پر 5 یا 5 سے زیادہ افراد کے اجتماع، اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ سپیکر کے استعمال،قابل اعتراض/فرقہ ورانہ مواد کی تقسیم، گاڑیوں کے رنگین شیشوں، ہوائی فائرنگ، چھوٹے کنٹینرز میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت، پٹاخوں کی خرید و فروخت، جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف میں عمارتوں /گھروں کی چھتوں پر کھڑاہونے، جلوس کے راستوں یاامام بارگاہوں کے احاطے میں واقع ہاسٹلوں /سرائیوں اور گھروں میں اجنبیوں کو ٹھہرانے اور تعمیراتی سامان کو سڑک کے کنارے رکھنے پرفوری طور پر 12جولائی تک پابندی عائد کردی ہے۔

(جاری ہے)

اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کی جائے گی۔