مشیر کھیل بلوچستان مینا مجید بلوچ نے کوئٹہ میں کشمیر سپریم لیگ کے ٹرائلز کا افتتاح کردیا

اتوار 22 جون 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیر سپریم لیگ کے ٹرائلز کا کوئٹہ میں انعقاد خوش آئند ہے،صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، امید ہے سلیکشن کمیٹی بلوچستان سے کشمیر سپریم لیگ کیلئے ہیرے لے کر جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کشمیر سُپریم لیگ کے تحت کوئٹہ کے ایوب کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹرائلز کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان بلوچستان دُرا بلوچ، کشمیر سُپریم لیگ کے چیئرمین مسعود احمد خان، کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالمالک اچکزٸی و دیگر موجود تھے،مشیر کھیل مینا مجید بلوچ نے کہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ بلوچستان کے ٹیلنٹ کو جائز حصہ ملے ہم نوجوانوں کی حق تلفی کا مداوا کرتے ہیں، امید ہے کہ کشمیر سپر لیگ سے بلوچستان کے کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا بلوچستان کا ٹیلنٹ دنیا کو دیکھے گا، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے ہماری کوششیں جاری ہیں، اس وقت کوئٹہ میں ویمن فٹبال کپ جاری ہے اس سے پہلے ویمن گیمز اور باکسنگ سمیت دیگر ایونٹ منعقد ہوئے ہیں اور کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔