سعید انور نے اللہ کے دین کا کام کرنے کے لیے اچانک کرکٹ سے دوری اختیار کی تھی، مشتاق احمد

اگست 2003ء میں سعید انور نے 34 سال کی عمر میں کھیل سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا، اس کے بعد کرکٹ لیجنڈ کی جانب سے غیر متوقع طور پر خاموشی اختیار کر لی گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 23 جون 2025 17:27

سعید انور نے اللہ کے دین کا کام کرنے کے لیے اچانک کرکٹ سے دوری اختیار ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جون 2025ء ) سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے لیجنڈری اوپنر سعید انور کی اچانک کرکٹ سے دوری کی وجہ بیان کردی۔ 
ورلڈ کپ 1992ء کی فاتح ٹیم کا حصہ اور سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے بتایا ہے کہ اوپنر سعید انور کرکٹ کی دنیا سے اچانک دور کیوں ہوگئے تھے۔ 
54 سالہ مشتاق احمد کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ مشتاق، سعید انور سے بات کروں وہ پاکستان کی خدمت کریں، وہ بڑا پلیئر ہے؟۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ابھی تک سعید انور جیسا اوپنر پیدا نہیں ہوا خیر میں سعید انور کے پاس گیا اور کہا کہ شہریار صاحب کہہ رہے ہیں آکر کوچنگ کرلیں، سلیکٹر بن جائیں کچھ بھی کرلیں۔ 
سابق لیگ اسپنر کے مطابق سعید انور نے ان سے کہا کہ شہریار صاحب کا شکریہ ادا کرنا لیکن میں بڑی مشکل سے اس دنیا سے نکلا ہوں، میں کمزور آدمی ہوں، میرے لیے وہاں سے واپس آکر پھر ادھر جانا مشکل ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

 
مشتاق احمد نے بتایا کہ سعید انور نے ان سے کہا کہ میں اللہ کے دین کا کام کرنا چاہتا ہوں، میرے لیے دعا کرنا میں نے بڑی مشکل سے سب کچھ چھوڑا ہے۔ 
واضح رہے کہ سعید انور نے اپنے کیریئر میں کئی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان کو کامیابی دلوائی۔ 
سعید انور کے کیریئر کا سب سے شاندار لمحہ 1997ء میں آیا جب انہوں نے چنئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 194 رنز سکور کرکے ویوین رچرڈز کا 189* رنز کا ریکارڈ توڑا ، ان کا سکور 12 سال تک ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ سکور رہا۔

سعید انور نے 55 ٹیسٹ، 247 ون ڈے انٹرنیشنل میں ملک کی نمائندگی کی اور بالترتیب 4052 اور 8824 رنز بنائے، ون ڈے میں ان کی سنچریوں کی تعداد 20 اور ٹیسٹ کرکٹ میں 11 ہے۔
اگست 2003ء میں سعید انور نے 34 سال کی عمر میں کھیل سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا اور اس کے بعد کرکٹ لیجنڈ کی جانب سے غیر متوقع طور پر خاموشی اختیار کر لی گئی۔
ایک ایسے کھیل میں جہاں سابق کھلاڑی اکثر کوچ، مبصر یا منتظم کے طور پر کردار ادا کرتے ہیں، سعید انور نے کرکٹ کے منظر نامے سے مکمل طور پر غائب ہو کر ایک مختلف راستہ منتخب کیا۔