آپریشن مڈنائٹ ہیمر میں 125 سے زائد جنگی جہازوں، 7 بی ٹو بمبار اسٹیلتھ طیاروں نے حصہ لیا

پیر 23 جون 2025 04:05

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)امریکی دفاعی حکام نے بتایاہے کہ ایران میں جوہری تنصیبات پر امریکی بمباری میں 125 سے زائد طیارے، آبدوز سے داغے گئے میزائل، اور ایک بی-2 اسٹیلتھ بمبار طیاروں کی پرواز شامل تھی، جو ہفتے کے روز بحرالکاہل کے اوپر سے گزری تاکہ اصل مشن سے توجہ ہٹائی جا سکے۔

(جاری ہے)

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایران پر حملے کے آپریشن کو ’مڈنائٹ ہیمر‘ کا نام دیا گیا جس میں 7 بی ٹو اسپِرٹ بمبار طیارے شامل تھے، جنہوں نے مقامی وقت کے مطابق رات 2 بجے ایران پر 30 ہزار پاؤنڈ وزنی دو، دو بم گرائے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے اتوار کی صبح نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یہ طیارے وائٹ مین ایئر فورس بیس، میسوری سے 18 گھنٹے کی طویل پرواز کے بعد پہنچے تھے، انہیں لڑاکا طیاروں کی معاونت حاصل تھی اور بحراوقیانوس کے دونوں اطراف پھیلے متعدد ٹینکر طیاروں سے فضائی ایندھن مہیا کیا گیا۔