ایران پر امریکی حملے کے بعد سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں تابکاری میں اضافہ نوٹ نہیں کیا گیا، سعودی ادارہ

پیر 23 جون 2025 10:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) سعودی عرب اور دیگر خلیجی ملکوں میں تابکاری کے کوئی اثرات نہیں پائے گئے۔ ایس پی اے ،کے مطابق سعودی نیوکلیئر اینڈ ریڈیالوجیکل ریگولیٹری کمیشن نے جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکا کے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد مملکت یا خلیجی خطے میں کوئی تابکار اثرات نہیں پائے گئے ہیں۔کمیشن نے یہ بیان ایران کے تین اہم جوہری مقامات پر امریکی فضائی حملوں کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب اور خلیج کا ماحول محفوظ ہے، امریکی حملوں کے نتیجے میں تابکاری کے آثار نہیں ملے۔قبل ازیں بین الاقوامی اٹامک توانائی ایجنسی نے کہا تھا کہ ’ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کے بعد باہر کی سطح پر تابکاری میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔کویت کے نیشنل گارڈ نے بھی کہا کہ کویت کی فضا اور پانیوں میں تابکاری کی سطح مستحکم اور صورتحال معمول کے مطابق ہے۔مصر کی ایٹمی اور ریڈیو لوجیکل ریگولیٹری اتھارٹی نےگزشتہ روز تصدیق کی کہ ملک میں تابکاری کے کوئی اثرات نہیں۔علاوہ ازیں سعودی عرب نے ایران کی صورتحال، خاص طور پر امریکاکی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔