Live Updates

ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی قابو سے باہر ہو سکتی ہے، فرانس

پیر 23 جون 2025 11:54

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے خبر دار کیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق پیرس میں دفاعی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ کوئی بھی سخت فوجی ردعمل مطلوبہ نتائج پیدا نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی اور تکنیکی بات چیت کا دوبارہ آغاز ہی اس مقصد کو حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے جس کی ہم سب تلاش کر رہے ہیں اور یہ مقصدایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہے۔

(جاری ہے)

فرانسیسی صدر نے اسرائیل ایران جنگ میں امریکی شمولیت کی براہ راست مذمت نہیں کی۔ اپنے جرمن اور برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں ایمانویل میکرون نے ایران پر زور دیا کہ وہ امریکی حملوں کے جواب میں مزید کوئی ایسی کارروائی نہ کرے جس سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو ۔

اس سے قبل اپنے ایرانی ہم منصب مسعود پیزشکیان کے ساتھ ایک فون کال میں فرانسیسی صدر نے ان پر زور دیا تھا کہ وہ کشیدگی کو کم کریں اور زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لیں۔ انہوں نے ایران سے یہ بھی کہا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوششوں سے دستبردار ہو جائے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات