Live Updates

سابق انگلش فاسٹ باؤلر 61 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

پیر 23 جون 2025 15:15

سابق انگلش فاسٹ باؤلر 61 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)سابق انگلینڈ فاسٹ بولر ڈیوڈ سڈ لارنس 61 برس کی عمر میں موٹر نیورون بیماری (ایم این ڈی) سے ایک سال طویل جنگ کے بعد انتقال کر گئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈیوڈ سڈ لارنس انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے پہلے برطانوی نژاد سیاہ فام کرکٹر تھے۔سابق فاسٹ باؤلر کو گزشتہ سال ایم این ڈی کی تشخیص ہوئی تھی، ایک ایسی بیماری جو پٹھوں کو کمزور کر دیتی ہے اور دماغ و اعصاب کو متاثر کرتی ہے۔

سابق کرکٹر کے اہل خانہ کے مطابق بے حد افسوس کے ساتھ ہم ڈیوڈ سڈ لارنس کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں، وہ ایک متاثر کن شخصیت تھے، جنہوں نے ہر چیلنج کا دل وجان سے مقابلہ کیا جب کہ وہ اپنی بیماری سے بھی ایک سال تک لڑتے رہے۔اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ان کا دوسروں کو حوصلہ دینا اور ان کے بارے میں سوچنا ان کے آخری وقت تک جاری رہا اور یہی ان کی شخصیت کی اصل عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

لارنس نے انگلینڈ کے لیے 5 ٹیسٹ میچز کھیلے، گلوسٹر شائر کے لیے 280 میچوں میں شرکت کی اور کلب کے لیے 625 وکٹیں حاصل کیں۔ان کا ٹیسٹ ڈیبیو 1988 میں لارڈز میں سری لنکا کے خلاف ہوا جب کہ ان کا کیریئر کا نمایاں لمحہ 1991 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اوول میں 5 وکٹیں حاصل کرنا تھا۔وہ 2022 میں لارنس گلوسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے پہلے سیاہ فام صدر بنے، اور رواں سال کے آغاز میں انہیں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے پہلے اعزازی لائف وائس پریزیڈنٹس میں شامل کیا گیا۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے لارنس کو ’انگلش کرکٹ کے ایک حقیقی رہنما اور ایک باہمت باکردار اور ہمدرد انسان قرار دیا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات