ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے،کمشنرملتان ڈویژن

پیر 23 جون 2025 16:19

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، متعلقہ محکموں کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔انہوں نے سول ڈیفنس کو غیر قانونی پٹرول یونٹس کے خاتمے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ گنجان آباد علا قے میں ایل پی جی کنٹینر کھڑا کرنے پر پابندی عائد ہے،گنجان آباد علاقوں میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ پر سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں غیر قانونی ایل پی جی کنٹینرز کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے، ہائی ویز کے ہوٹلوں میں کیمرے انسٹال کروائے جائیں تاکہ ایل پی جی باؤزر کے قیام کا وقت نوٹ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مقرر وقت سے زائد قیام کرنے والے باؤزر اکثر غیر قانونی ری فلنگ میں ملوث پائے جاتے ہیں، سی این جی، ایل پی جی کی غیر قانونی فلنگ کی دکانوں پر چھاپے مارے جائیں۔کمشنر ملتان نے کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر غیر قانونی پٹرول یونٹس، ڈی کٹنگ شاپس قائم ہیں،غیر قانونی منی پٹرول پمپ مشینیں لگا کر پٹرول فروخت کرنا غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقدمات کی مکمل پیروی کر کے ایسے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچائیں۔حفاظتی اقدامات، آلات کے بغیر د کانوں کو سربمہر اور ایف آئی آر درج کروائیں۔کمشنر نے کہا کہ شہر کو زونز میں تقسیم کر کے سیکٹر انچارج مقرر کئے جائیں، قبضے میں لیا ہوا سامان بغیر قانونی کارروائی کے واپس کرنے والے شخص کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

غیر معیاری سلنڈر انسانی جان و مال کے لیے خطرہ ہیں۔کمشنر نے سیکرٹری آر ٹی اے کو پبلک ٹرانسپورٹ کے معائنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں، رکشوں میں لگے غیر معیاری سلنڈر انسانی جانوں کے لئے خطرہ ہیں ،سکول بسوں اور مسافر بسوں کی ازسر نوفٹنس انسپکشن کی جائے۔ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ، سیکرٹری آر ٹی اے اور سول ڈیفنس مشترکہ کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ حادثات سے بچنے کے لیے احتیاط ناگزیر ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سول ڈیفنس کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں متعلقہ سیکٹر انچارج ذمہ دار ہو گا۔