لاہور کے مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن، 1200 تجاوزات کا خاتمہ

پیر 23 جون 2025 17:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں لاہور شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے انسداد تجاوزات آپریشن کامیابی سے جاری ہے جس کا مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور سڑکوں کی کشادگی کو یقینی بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق انسداد تجاوزات آپریشن کے تحت ضرار شہید روڈ، فیروزپور روڈ، چونگی امر سدھو اور سنت نگر سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔

اسی طرح بادامی باغ، مزنگ چونگی، شادمان، گارڈن ٹاون اور نیو مسلم ٹاون میں بھی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔آپریشن کے دوران14 ٹرکوں میں سامان ضبط کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر1200 سے زائد تجاوزات کو ختم کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے سے قبل متعدد بار وارننگز اور نوٹسز جاری کیے گئے تھے تاکہ کاروباری حضرات اور دکاندار اپنی مدد آپ کے تحت تجاوزات ہٹا سکیں تاہم عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ کو کارروائی کرنا پڑی۔

ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ انسداد تجاوزات آپریشنز سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی اجاگر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو صاف ستھری اور کشادہ سڑکیں بھی میسر آ رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور تیزی سے تجاوزات سے پاک ہو رہا ہے،شہریوں کو وسیع سڑکوں تک بلا رکاوٹ رسائی، نظم و ضبط اور بہتر شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ،انسداد تجاوزات مہم بلا امتیاز جاری رہے گی اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔