ترک قونصل جنرل کی لاہور چیمبر آمد، باہمی تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق

پیر 23 جون 2025 17:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستوغ نے لاہور چیمبر کے دورہ کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مزید بہتر بنانے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور تجارتی وفود کے تبادلے جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔قونصل جنرل نے کہا کہ ترکیہ کی بڑی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کام کر رہی ہیں جو پاکستانی مارکیٹ پر ترک سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے۔

انہوں نے مشترکہ منصوبوں اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔نائب صدر چیمبر نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے،جو محض سفارتی ہی نہیں بلکہ تاریخی اور ثقافتی بنیادوں پر قائم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے او آئی سی میں دونوں ممالک کے مشترکہ کردار کو بھی سراہا۔شاہد نذیر چوہدری نے بتایا کہ 2023-24 میں پاکستان کی ترکی کو برآمدات337 ملین ڈالر اور درآمدات491 ملین ڈالر رہیں،جس سے دوطرفہ تجارت کا حجم 828 ملین ڈالر بنتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ "ٹریڈ اِن گڈز ایگریمنٹ" سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس حجم کو آئندہ چند سالوں میں5 ارب ڈالر تک لے جانا ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر مشترکہ منصوبوں، تجارتی وفود، بین الاقوامی نمائشوں اور پاک۔ترکی بزنس فورمز کے ذریعے باہمی روابط کو وسعت دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ارکان خرم لودھی، عرفان احمد قریشی، آمنہ رندھاوا، کرامت علی اعوان، رانا محمد نثار، شعبان اختر اور آصف خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔