ڈاکٹر سید ظفراللہ بخشالی پشتو اکیڈمی پشاور یونیورسٹی بورڈ آف اسٹڈیز کے رکن منتخب

پیر 23 جون 2025 18:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)جامعہ عبدالولی خان مردان شعبہ پشتو کے چیئرمین ڈاکٹر سید ظفراللہ بخشالی کو پشتو اکیڈمی جامعہ پشاور کے بورڈ آف سٹڈیز کا رکن منتخب کر لیا۔ ڈاکٹر بخشالی گزشتہ سات برسوں سے جامعہ عبدالولی خان مردان میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر تدریسی و تحقیقی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے خدائی خدمتگار تحریک فضل الرحیم ساقی کی زندگی اور ادبی خدمات پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

وہ اس وقت انٹرنیشنل جرنل آف پختونخوا شعبہ پشتو کے مدیر کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر بخشالی کی اب تک سات تحقیقی کتب شائع ہو چکی ہیں، جبکہ ان کے درجنوں تحقیقی مقالے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے منظور شدہ قومی و بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اندرون و بیرون ملک منعقدہ متعدد علمی کانفرنسوں میں اپنے تحقیقی مقالات پیش کیے ہیں۔انہوں نے پشتو اکیڈمی پشاور کے زیرِ اہتمام منعقدہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز اور کانفرنسوں میں کانفرنس سیکرٹری کے طور پر بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں، جس سے ان کی تنظیمی صلاحیتوں اور علمی وابستگی کا اندازہ ہوتا ہے۔