سوات، ایس پی ٹریفک وارڈن کا سٹی سیکٹر کا دورہ، ٹریفک نظام کا جائزہ لیا

حبیب اللہ خان کی ٹریفک روانی بہتر، تجاوزات کے خلاف روزانہ آپریشن کی ہدایت

پیر 23 جون 2025 22:34

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)ایس پی ٹریفک وارڈن پولیس سوات حبیب اللہ خان نے سٹی سیکٹر کا دورہ کیا اور ٹریفک نظام، نو پارکنگ زونز، اور تجاوزات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ انچارج سیکٹر سٹی روشن خان بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ایس پی نے وارڈنز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سڑکوں کی کلیئرنس اور ٹریفک روانی میں بہتری قابلِ تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف روزانہ بنیاد پر بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ایس پی ٹریفک وارڈن نے کہا کہ فٹ پاتھ اور سڑک کناروں سے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ پیدل چلنے والوں کے لیے آسانی ہو۔ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے اور پلازوں میں پارکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ سڑک کنارے گاڑی پارک کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلا تعطل ٹریفک کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تاجر برادری بھی تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی بہتری میں پولیس سے تعاون کرے۔