Live Updates

اسمبلی کے فلور کو آئینی و مالی معاملات پر گفتگو کے بجائے ذاتی وفاداری، بے بنیاد الزامات اور خطرناک سیاسی بیانیے کی نذر کیا گیا، فیصل کنڈی

پیر 23 جون 2025 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں دیے گئے بیان پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی کے فلور کو آئینی و مالی معاملات پر گفتگو کے بجائے ذاتی وفاداری، بے بنیاد الزامات اور خطرناک سیاسی بیانیے کی نذر کیا گیا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ جو شخص مسلسل یہ دعویٰ کرے کہ وہ ایک سزا یافتہ قیدی کی ہدایات پر حکومت چلا رہا ہے، وہ جمہوریت کا نہیں بلکہ شخصی آمریت کا نمائندہ ہے۔ خیبرپختونخوا کی اسمبلی کسی فرد واحد کی جاگیر نہیں، نہ ہی جیل کی بیرک سے اس کا نظام چلایا جا سکتا ہے۔گورنر کے پی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کا یہ دعویٰ کہ خان کے بغیر اسمبلی ختم نہیں ہو سکتی اور وہ سانس لینے سے پہلے اسے تحلیل کر سکتے ہیں، نہ صرف آئینی بغاوت ہے بلکہ اس امر کا کھلا اعتراف ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی مینڈیٹ نہیں، بلکہ مجبوری، خوف اور ذاتی مفادات کی بنیاد پر قائم ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ میں نے اپنے متعدد بیانات میں پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ یہ وزیر اعلیٰ کبھی بھی اسمبلی تحلیل نہیں کرے گاکیونکہ یہی اسمبلی اس کے لیے کرپشن کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ خیبرپختونخوا کی یہ اسمبلی ان کے لیے سونے کے انڈے دینے والی مرغی ہے، جس کو یہ کسی صورت ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتے۔انہوںنے کہاکہ جب اپوزیشن ممبران کے ساتھ گورنر ہاؤس میں حالیہ ملاقات ہوئی تو سب نے متفقہ طور پر اس حقیقت پر تشویش کا اظہار کیا کہ صوبہ ایک غیر سنجیدہ اور غیر آئینی طرزِ حکمرانی کا شکار ہے۔

یہ تاثر پوری طرح ابھر چکا ہے کہ صوبائی معاملات اڈیالہ جیل کی بیرک سے چلائے جا رہے ہیں، جو نہ صرف آئین کی توہین ہے بلکہ عوامی مینڈیٹ کی بے توقیری بھی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی حکومت نے دانستہ طور پر صوبے میں مالی بحران پیدا کیا،امن و امان کو بگاڑا،ضم شدہ اضلاع کو نظر انداز کیا، اور اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا۔

انہوںنے کہاکہ جب وہ بجٹ پاس کرنے کی بات کرتے ہیں، تو حقیقت یہ ہے کہ یہ ان کی آئینی مجبوری ہے، نہ کہ کوئی احسان۔ مگر وہ بجٹ کو بھی خان کی’’اجازت‘‘سے مشروط کر کے صوبے کے کروڑوں عوام کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ آئندہ اگر کسی بھی آئینی ذمہ داری سے انکار کیا گیا، اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی، یا صوبے کو غیر جمہوری راستے پر دھکیلا گیا تو وہ بحیثیت آئینی سربراہ، آئین و قانون کے مطابق ہر ممکن قدم اٹھانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات