ایشین سکوائش چیمپئن شپ،پاکستانی ٹیم کی کوریا اور فلپائن کے خلاف مسلسل فتوحات

پیر 23 جون 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) پاکستان کے نور زمان اور ناصر اقبال پر مشتمل جوڑی نے سارواک ملائیشیا میں ہونے والی دوسری ایشین ڈبلز سکوائش چیمپئن شپ 2025 کے اپنے پہلے میچ میں کوریا اوردوسرے میچ میں فلپائن کو شکست دے کر ایونٹ کا جاندار آغاز کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دوسری ایشین ڈبلز سکوائش چیمپئن شپ 2025 کا آغاز ہوگیا جس میں ایشیا بھر سے 15 ڈبلز ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

پول بی میں نور زمان اور ناصر اقبال پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اچھی شروعات کیں۔میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے کوریا کو 11-4، 11-1 سے شکست دی۔ اپنے دوسرے پول میچ میں نور زمان اور ناصر اقبال نے اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھا اور فلپائن کے خلاف 11-7، 11-4 سے اچھی فتح حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم اپنے اگلے میچ میں کل منگل کو چائنیز تائپے کا مقابلہ کرے گی۔