Live Updates

ایران کا امریکا کیخلاف "آپریشن بشارت الفتح" کا آغاز

ایران کی جانب سے عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ، بحرین میں سائرن بج اٹھے

muhammad ali محمد علی پیر 23 جون 2025 22:26

ایران کا امریکا کیخلاف "آپریشن بشارت الفتح" کا آغاز
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2025ء ) ایران کا امریکا کیخلاف "آپریشن بشارت الفتح" کا آغاز، ایران کی جانب سے عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ، بحرین میں سائرن بج اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملوں کے بعد ایران نے بھی امریکا کیخلاف جوابی حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے امریکا کیخلاف جوابی کاروائیوں کو "آپریشن بشارت الفتح" کا نام دیا گیا ہے، ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس آپریشن کے تحت قطر اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر 6 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ قطر کے دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان حملوں کے بعد دوحہ میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔ قطر کے علاوہ عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بحرین میں بھی سائرن بج اٹھے۔ اس سے قبل امریکا کےایران پر حملے کے بعد مشرق وسطٰی کی صورتحال مزید کشیدہ ہو جانے پر قطر کی جانب سے ہنگامی فیصلہ کیا گیا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق قطر نے ہنگامی طور پر اپنے ملک کی فضائی آمد و رفت معطل کرنے کا اعلان کیا۔ اس حوالے سے قطری حکام کا کہنا ہے کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث رہائشیوں اور مسافروں کی حفاظت کیلئے فضائی آمد و رفت معطل کر دی گئی، یہ فیصلہ عارضی ہے، خطے کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، قطر میں رہنے والے ہر شخص کی حفاظت ہمیں انتہائی عزیز ہے۔

قطر کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد کچھ دیر بعد ہی قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کر دیا گیا۔ جبکہ قطر کے بعد متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے اپنی فضائی حدود بند کر دی۔ قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد دونوں خلیجی ممالک نے ہنگامی طور پر فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب امریکہ نے قطر میں اپنے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں قیام کا مشورہ دے دیا، امریکی ایڈوائزری پر اپنے ردعمل میں خلیجی ملک نے سکیورٹی مستحکم ہونے کی یقین دہانی کرادی۔

العربیہ نیوز کے مطابق قطر میں امریکی سفارت خانے نے پیر کے روز خلیجی ملک میں مقیم اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک محفوظ مقام پر پناہ لیں، اس ضمن میں قطر میں شہریوں کو بھیجی جانے والی ای میل میں اور امریکی سفارت خانے نے کہا کہ "بہت زیادہ احتیاط کے ساتھ ہم امریکی شہریوں کو اگلی اطلاع تک پناہ گاہ میں رہنے کی سفارش کرتے ہیں۔

اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے قطر نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اس کی سکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصار کا کہنا کہ امریکی سفارت خانے کی ایڈوائزری میں کسی خاص خطرے کی موجودگی کی نشاندہی نہیں کی گئی، تاہم قطر اپنے شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ایران نے کہا ہے کہ اس کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے نے اس کی مسلح افواج کے لیے جائز اہداف کا دائرہ بڑھا دیا ہے، ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسلامی جمہوریہ کے خلاف اسرائیل کی فوجی مہم میں شامل ہونے کے لیے "جواری" قرار دیا، اس کے جواب میں امریکہ نے اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان بیرون ملک اپنے شہریوں کے لیے دنیا بھر میں احتیاط کا سکیورٹی الرٹ بھی جاری کیا۔

ایک بیان میں امریکیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ’وہ زیادہ احتیاط برتیں اور بیرون ملک امریکی شہریوں اور مفادات کے خلاف ممکنہ مظاہروں سے خبردار رہیں‘، علاوہ ازیں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اسرائیل ایران تنازعہ کی وجہ سے ہوائی سفر میں رکاوٹوں اور مشرق وسطیٰ میں فضائی حدود کی بندش کی بھی نشاندہی کی گئی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات