پیسکو ،پبی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ،احتجاجی تحریک ختم کرنے کا اعلان

منگل 24 جون 2025 02:45

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء) پیسکو اور پبی ایکشن کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاجی تحریک ختم کرنے کا اعلان کیا۔ پبی بازار میں نیا فیڈر بنے گا۔ جس سے پبی بازار میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 4 گھنٹے ہو جائے گا۔ 6 فیڈروں پر یونٹ کو ریکوری کے ذریعے کم کر کے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 اور 8 گھنٹے تک آ جائے گا۔ 5 نئے فیڈروں پر کام جاری ہے۔

جو یکم جولائی کو چالو ہو جائیں گے۔ خان شیر گڑھی،خدریزئی، امان کوٹ، محب بانڈہ، چوکی ممریز اور ملحقہ دیہات کے 5 نئے فیڈروں پر یکم جولائی سے بجلی کی ٹرپنگ اور کم وولٹیج کا مسئلہ نہیں ہوگا۔ ون ونڈو کے ذریعے تین دن کے اندر اندر نئے میٹر دیے جائیں گے۔ بقایا جات میں 15 فیصد رقم کی ادائیگی پر بجلی بحال کی جائے گی اور باقی رقم قسطوں میں جمع کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انجینئر غیور خٹک، ایس۔ای صلاح الدین، ایکسین نوشہرہ فیروز شاہ اور محمد الیاس کا مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی پبی سرکل عدنان اعظم خان کے دفتر میں پیسکو کے قائم مقام ایس۔ای خیبر صلاح الدین، ایکسین نوشہرہ فیروز شاہ، واپڈا سب ڈویڑن 1 کے ایس ڈی اور احسان اللہ،پبی سب ڈویڑن 2 کے ایس۔ڈی۔او طارق خان، پبی سب ڈویڑن 3 کے ایس ڈی او انجینئر عزیز اور پبی ایکشن کمیٹی تحصیل پبی کے صدر اور تحصیل چیئرمین پبی انجینئر غیور خٹک، پبی ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، تحصیل پریس کلب پبی کے صدر اور پی پی پی تحصیل پبی کے صدر محمد الیاس، تحصیل پریس کلب پبی کے جنرل سیکرٹری اور پبی ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری اطلاعات عباس خان، حاجی اورنگزیب صدر انجمن تاجران پبی بازار جبکہ ممبران ایکشن کمیٹی پبی پیر سیف اللہ شاہ، حاجی انار گل،مولانا عثمان علی شاہ، ناظمین میں محمد الیاس، تیمور کمال، جان گل، سید ارشد شاہ، عیسیٰ خان، سہیل خان، شاہ نواز ،فضل نبی نے شرکت کی۔

مذاکرات کی ثالثی ڈی۔ایس۔پی پبی عدنان اعظم خان اور ایس۔ایچ۔او پبی طاہر احمد نے کی۔ مذاکرات میں باہمی اتفاق رائے سے طے پایا کے پبی بازار ،زیارت بازار ،اسٹیشن بازار کاروباری اور تجارتی مرکز ہونے کی وجہ سے ان کو آبادی سے الگ کر کے الگ فیڈر بنایا جائے گا کیونکہ ان کی ریکوری 95 فیصد ہے۔ 15 فیصد بقایا جات جس میں جمع ہونے پر بجلی کنکشن کو بحال کیا جائے گا۔

میٹر کو 3 دن میں دیا جائے گا اور بجلی کی کرنٹ رقم اور بقایا جات سے کچھ رقم کو قسط میں جمع کیا جائے گا۔ خانشیر گڑھی، خدریزئی،امانکوٹ، محب بانڈہ، چوکی ممریز ، بانڈہ ملا خان اور ملحقہ دیہات پر مشتمل پانچ فیڈروں کو یکم جولائی سے چالو کیا جائے گا۔ جرمانہ رقم میں 50 فیصد تک معافی کی جائے گی۔خٹک نامہ میں لائن لاسز کو کم کرنے اور ریکوری بہتر ہونے پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے تک کیا جائے گا۔

پیسکو کی ریکوری ٹیم نے کنڈے رضاکارانہ طور پر ہٹانے کی اپیل کی گئی تاکہ عوام کو بہتر بجلی کی ترسیل بلا تعطل جاری رہے۔ پیسکو کا عملہ عوام کی خدمت کے لیے اس شدید گرمی میں دن رات مصروف عمل ہے۔ پیسکو کا عملہ عوام کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔ عوام پیسکو کے ریکوری سٹاف سے بھر پور تعاون کریں۔ اور اپنے بجلی کے بل بروقت قومی خزانے میں جمع کر کے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔