Live Updates

مظفرآباد، چیئرمین مسلم کانفرنس یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان کا تین روزہ تنظیمی و روحانی دورہ مکمل، اہم ملاقاتیں اور مزارات پر حاضری

منگل 24 جون 2025 15:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)چیئرمین مسلم کانفرنس یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان نے تین روزہ تنظیمی، فکری و روحانی دورے کے دوران آزادکشمیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے بزرگ رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، روحانی شخصیات کے مزارات پر حاضری دی اور مسلم کانفرنس کے کارکنان سے تبادلہ خیال کیا۔دورے کے پہلے دن سردار عثمان علی خان نے چہلہ میں آزادکشمیر رجمنٹ فورس کے پہلے بہادر جنگ، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عبدالمنان قریشی المعروف کیپٹن المنان قریشی مرحوم کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر مرحوم کے فرزندان پیر جاوید منان اور پیر تنویر منان سے خصوصی ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، نوجوانوں کا کردار اور روحانی اقدار کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم کانفرنس کے نوجوان رہنما شجاعت صیاد، خواجہ عبدالحنان پلہاجی، سکندر حبیب میر، ملک حاشر اعوان، احتشام خالد اعوان اور دیگر کارکنان بھی ہمراہ تھے۔

اسی روز سردار عثمان علی خان نے جلال آباد میں سینئر مسلم کانفرنسی رہنما منیر احمد قریشی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مسلم کانفرنس کی موجودہ سیاسی حکمت عملی، یوتھ ونگ کی سرگرمیوں اور پارٹی کو مضبوط بنانے پر مشاورت کی گئی۔اس موقع پر سابق امیدوار اسمبلی سردار سجاد انور عباسی، سینئر رہنما سید خالد گیلانی، شجاعت صیاد، سکندر حبیب میر و دیگر قائدین موجود تھے۔

ملاقات میں پارٹی کی فعالیت اور نوجوانوں کی شمولیت کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔اسی دن حضرت میاں شفیع جھاگویؒ کے مزار پر حاضری دورے کے تیسرے روز چیئرمین یوتھ ونگ نے گوجرہ میں عظیم روحانی شخصیت حضرت میاں شفیع جھاگویؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سجادہ نشین پیر رفیق جھاگوی سے ملاقات کی، جس میں روحانی اقدار، دینی ہم آہنگی اور نوجوانوں میں کردار سازی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سردار شفقت عباسی، سید مبشر نقوی، میر رضوان الرحمان ایڈووکیٹ، خواجہ عبدالحنان پلہاجی، سکندر حبیب میر، شجاعت صیاد، شیخ خالد رحمان و دیگر رہنما بھی شریک تھے۔تین روزہ دورے کے دوران چیئرمین یوتھ ونگ نے مختلف طبقات سے ملاقاتوں میں مسلم کانفرنس کی نظریاتی بنیادوں، نوجوانوں کی شمولیت، تحریک آزادی کشمیر سے وفاداری اور خطے میں امن و ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نہ صرف سیاسی شعور سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے بلکہ روحانی، اخلاقی و فکری تربیت بھی اہم ہے تاکہ وہ ایک باکردار قوم کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات