بھارت ظلم وتشددسے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا ، محمود احمد ساغر

منگل 24 جون 2025 16:34

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمود احمد ساغر نے مقبوضہ جموںو کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے راولاکوٹ میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے تاہم انہوں نے واضح کیاکہ بھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

محمود ساغر نے کہا کہ نہتے کشمیری آج بھی اپنے خون سے آزادی کی شمع روشن رکھے ہوئے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر قربانی، عزم اور صبر کی ایک زندہ تاریخ بن چکی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کا نوٹس لیں اور مظلوم اقوام کی عملی مدد کریں۔کانفرنس میں ایڈووکیٹ پرویز احمد، راجہ شاہین، زاہد صفی اور ملک محمد اسلم نے بھی شرکت کی ۔