ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کی جانب سے کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد

منگل 24 جون 2025 17:03

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کی جانب سے کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کھلی کچہری گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول نمبر 4 ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عبد الناصر خان نے کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عدنان جمیل، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ سید محمد ارسلان، اسسٹنٹ کمشنر پروآ شاہ بہرام، اور اسسٹنٹ کمشنر رودکوہی سیدہ تحریم شاہ سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ کھلی کچہری کا مقصد کسان برادری کو براہ راست ضلعی انتظامیہ اور محکموں کے ساتھ جوڑنا اور ان کے دیرینہ مسائل کو سن کر فوری حل کی جانب بڑھنا ہے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں تحصیل ڈیرہ، درابن اور پروا کے کسانوں اور زمینداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس دوران شرکا نے متعدد عوامی نوعیت کے اہم مسائل ضلعی افسران کے سامنے رکھے، جن میں نہری پانی کی قلت، سی آر بی سی کینال میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم، غیر قانونی کٹ، رودکوہی نظام کے فنڈز، پہاڑپور مائنر اور اعجاز آباد ڈرین کی صفائی نہ ہونا، طبی و تعلیمی سہولیات کی کمی، بی ایچ یو گرہ رشید میں اسٹاف کی عدم موجودگی، ریونیو ریکارڈ میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی خستہ حالی جیسے مسائل شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے کسانوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام جائز اور عوامی مفاد سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر شکایات کی فیلڈ ویریفیکیشن کریں اور عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔\378