سندھ ہائی کورٹ،وزیر اعلی سندھ کے شوکاز نوٹس کیخلاف سابق اسسٹنٹ کمشنر دادو کے خلاف کارروائی روکنے کا حکم

جب تک درخواست کا حتمی فیصلہ نہیں ہوتا شاہنواز میرانی کیخلاف کارروائی نہ کی جائے،عدالت عالیہ کی ہدایت

منگل 24 جون 2025 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے وزیر اعلی سندھ کی جانب جاری کئے گئے شوکاز نوٹس کیخلاف درخواست پرسابق اسسٹنٹ کمشنر دادو کوشوکاز نوٹس کی بنیاد پر کارروائی سے روکتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ جب تک درخواست کا حتمی فیصلہ نہیں ہوتا شاہنواز میرانی کیخلاف کارروائی نہ کی جائے۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں سابق اسسٹنٹ کمشنر دادو شاہنواز میرانی نے وزیر اعلی سندھ کی جانب جاری کئے گئے شوکاز نوٹس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سابق اسسٹنٹ کمشنر دادو کو معمولی سزا کے طور پر 2 سال تک انکریمنٹ کی ادائیگی روک دی گئی تھی۔ 18 فروری کو درخواستگزار نے انکریمنٹ روکنے کے فیصلے کیخلاف وزیر اعلی سندھ کے پاس اپیل فائل کی تھی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ نے درخواستگزار کو ذاتی حیثیت میں سن کر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ وزیر اعلی سندھ نے شوکاز نوٹس میں کہا کہ کیوں نہ آپکی سزا بڑھائی جائے۔

وزیر اعلی سندھ نے درخواستگزار کی اپیل پر 3 ماہ کی مقررہ مدت کے بعد فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ کے فیصلے کیخلاف سروس ٹربیونل سے رجوع کرلیا ہے۔ خدشہ ہے کہ درخواستگزار کو کوئی بڑی سزا نہ دے دیں وزیر اعلی کو کارروائی سے روکا جائے۔عدالت نے سابق اسسٹنٹ کمشنر دادو شاہنواز میرانی کو جاری شوکاز نوٹس کی بنیاد پر کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ جب تک درخواست کا حتمی فیصلہ نہیں ہوتا شاہنواز میرانی کیخلاف کارروائی نہ کی جائے۔