ایچ ای سی کی کوالٹی ایشورنس ایجنسی کا زرعی یونیورسٹی پشاور کا دورہ، گریجویٹ پروگراموں کا جائزہ لیا

منگل 24 جون 2025 17:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) ہائرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی کوالٹی ایشورنس ایجنسی (ایچ ای سی۔ کیو اے اے) نے زرعی یونیورسٹی پشاور میں گریجویٹ پروگراموں کا جائزہ لینے کے حوالے سے دو روزہ دورہ کیا۔اس دوران یونیورسٹی کے گریجویٹ پروگراموں کا ایک جامع جائزہ لیا گیا۔ پینل میں ڈین لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل، چیئرمین شعبہ زراعت یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا، یونیورسٹی آف پونچ راولاکوٹ ، آزاد کشمیر کے پروفیسر ڈاکٹر نصیر رحیم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوالٹی اشورنس ایجنسی ایچ ای سی امتیاز علی لکھن شامل تھے۔

زرعی یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر جہاں بخت نے پینل کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے یونیورسٹی میں جاری نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں اور تعلیمی پروگراموں سے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ زرعی یونیورسٹی پشاور میں ملک کی بہترین فیکلٹی موجود ہے جو اپنے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں ، معیاری تعلیم و تحقیق اور تربیت یونیورسٹی کا مشن ہے۔

(جاری ہے)

کوالٹی ایشورنس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مدثر اقبال نے پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے ڈھانچے اور معیار کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔پینل نے کل 65 پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کا جائزہ لیا، فیکلٹی ممبران، طلباء اور شعبہ جات کے سربراہوں کے ساتھ وسیع نشستیں کیں۔ اُنہوں نے کلیدی سہولیات کا دورہ بھی کیا جن میں کلاس رومز، لیبارٹریز، کمپیوٹر لیب، ڈے کیئر سینٹر، ہیلتھ سروسز اور ایگریکلچر ریسرچ فارم شامل تھے۔

جائزہ کے اس عمل کو ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، ڈپٹی ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ڈاکٹر تحسین اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران نواز اور سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وقاص نے پینل کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔اختتامی میٹنگ میں، پینل نے زرعی یونیورسٹی پشاور کے گریجویٹ پروگراموں کی تعریف کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی معیار اور ادارہ جاتی تاثیر کو مزید بڑھانے کے لئے قابل قدر سفارشات فراہم کیں۔