حکومتی پالیسی سازی جامع، تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہونی چاہیے ‘خادم حسین

منگل 24 جون 2025 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء) فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسی سازی جامع، آگاہ اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہونی چاہیے تاکہ شفافیت اور پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے اپنے بیان میں حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات، دبئی اور سعودی عرب کی جانب سے کاروباری اور لیبر ویزوں کے اجرامیں درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں،ان ممالک کی جانب سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر اور پابندیاں نہ صرف پاکستان کی تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کو شدید متاثر کر رہی ہیں بلکہ پاکستان کو معاشی نقصانات پہنچارہی ہیں۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے ای کامرس انڈسٹری پر نئے ٹیکس اقدامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکس اتھارٹیز اور ڈیجیٹل بزنس کمیونٹی کے درمیان فوری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان مسائل کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پلیٹ فارم، اور سیلر سمیت دیگر مبہم معلومات کی واضح اور درست تعریفات متعارف کرائی جائیں تاکہ ابہام کا خاتمہ ہو۔