عراق 2 فوجی اڈوں پر خودکش ڈرون حملوں کی تحقیقات کرے گا، ترجمان عراقی وزیراعظم

منگل 24 جون 2025 20:15

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی کے فوجی ترجمان صباح النعمان نے کہا ہے کہ عراق 2 فوجی اڈوں پر ریڈار سسٹمز پر ہونے والے خودکش ڈرون حملوں کی تحقیقات کرے گا، عراقی افواج نے کئی دیگر حملوں کو بھی ناکام بنایا ہے۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی وزیراعظم کے فوجی ترجمان نے کہا کہ متعدد چھوٹے خودکش ڈرونز نے عراقی فوجی تنصیبات اور اڈوں کو نشانہ بنایا، تاہم، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،ابھی تک کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور حکومت نے بھی کسی حملہ آور کی شناخت نہیں کی ہے۔

صباح النعمان نے ان حملوں کو بزدلانہ اور غداری پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں سے بغداد کے شمال میں واقع تاجی کیمپ اور جنوبی صوبے ذی قار میں امام علی بیس پر ریڈار سسٹمز کو شدید نقصان پہنچا۔ترجمان نے کہا کہ عراقی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں واقع 4 دیگر مقامات پر حملوں کی کوششیں بھی ناکام بنا دیں، اور ڈرونز کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے حملوں کی تحقیقات اور ذمہ داروں کی شناخت کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔