ڈینگی کے مسئلے پر قابو رکھنے کیلئے سماجی تعاون بے حد ضروری ہے، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے

منگل 24 جون 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر انسداد ڈینگی کے لئے بھرپور اقدامات جاری ہیں ، اس سلسلے میں محکمہ صحت کی رہنمائی میں سرویلنس پر خصوصی توجہ مرکوز ہے تاہم ڈینگی کے مسئلے پر قابو رکھنے کے لئے سماجی تعاون بے حد ضروری ہے۔ یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے محکمہ صحت کے زیر اہتمام ایف ڈی اے کمپلیکس کے کانفرنس روم میں منعقدہ انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،جس میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا تاکہ انہیں رہائشی کالونیوں میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لئے اختیاطی و حفاظتی تدابیر پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے آگاہی فراہم کی جاسکے۔

ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، فوکل پرسن برائے انسداد ڈینگی /اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی عثمان رامے و دیگر افسران بھی سیمینار میں موجود تھے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس، ڈاکٹر زین عمر، انٹمالوجسٹس ساجد اسلم، ظہیر الحسن اور محکمہ صحت کے دیگر ماہرین نے شرکاء کو ڈینگی لاروا /مچھر کی پہنچان، افزائش کی روک تھام کے طریقوں اور اس وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی و حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر نگرانی ایف ڈی اے کمپلیکس اور دیگر ذیلی دفاتر میں انسداد ڈینگی سرویلنس باقاعدگی سے جاری ہے ،اس سلسلے میں آگاہی مہم پر بھی عملدرآمد جا رہا ہے۔ انہوں نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین سے کہا کہ وہ ڈینگی لاورا کی افزائش روکنے اور اس وائرس سے بچنے کے لئے شعوری کوششوں کو وسیع کریں تاکہ آئندہ مون سون موسم میں ڈینگی کے مسئلے کو سراٹھانے کا موقع نہ ملے ۔

انہوں نے ہدایت کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مکینوں کی آگاہی کے لئے احتیاطی تدابیر پر مبنی بینزز ،فلیکسز نمایاں جگہ پر نصب کریں اور ڈینگی لاروا کی پیدائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ،کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، ٹوٹے ہوئے برتنوں، پرانے ٹائرز،ائیرکولر کے پانی، گملوں، گرین بیلٹس کے پانی، پانی کی ٹینکیوں کو ذمہ داری سے چیک کریں جبکہ فالتو اشیاء کو ضائع، کسی جگہ یا برتن میں جمع پانی کو خشک اور گیلی جگہوں پر ریت یا مٹی ڈال دی جائے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس و دیگر ماہرین نے سیمینار کے دوران ڈینگی لاروا اور مچھر کی شناخت کی علامات، انسداد ڈینگی کے طریقوں اور ڈینگی بخار کی صورت میں بروقت تشخیص اور باقاعدہ علاج کے بارے میں آگاہ کیا۔