انجمن اخبار فروشاں کی گرینڈ الائنس کوریج کے دوران صحافیوں پر پولیس تشدد کی مذمت

منگل 24 جون 2025 20:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء) انجمن اتحاد اخبار فروشاں کے ترجمان نے کوئٹہ میں گرینڈ الائنس کے احتجاج کی کوریج کے دوران صحافیوں پر پولیس تشدد اورانہیں زخمی کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ضابطے کی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گرینڈ الائنس کی کوریج کے دوران پولیس نے صحافیوں کو کوریج سے روک کر ان پر لاٹھی چارج کیا جس سے سنو ٹی وی کے کیمرہ مین محمد یاسین بلوچ سمیت متعدد دیگر میڈیا ورکرززخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکاروں نے سنو ٹی وی کے رپورٹر فضل تواب سمیت دیگر صحافیوں کو زودوکوب بھی کیا۔اور انہیں کوریج سے روک کر موبائل اور دیگر سامان چھیننے کی کوشش کی۔کوئٹہ پولیس نے اختیارات سے تجاوز کرکے نہ صرف قواعدو ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی ہے بلکہ پولیس کا یہ رویہ آزاد صحافت کو دبانے کی ایک مذموم کوشش بھی ہے جسے کسی بھی طور پر برداشت نہیں کیا جا سکتا۔