ترجمان حکومت بلوچستان کا مغربی بائی پاس پر مسافر بس میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

منگل 24 جون 2025 21:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء) ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے مغربی بائی پاس پر مسافر بس میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ترجمان کے مطابق یہ اندوہناک حادثہ انتہائی دلخراش ہے، جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ترجمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان جاں بحق مسافروں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور ان کے مکمل علاج کے لیے تمام تر سہولیات بروئے کار لائی جا رہی ہیں حکومت بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور محکمہ صحت متاثرہ افراد کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں ترجمان نے کہا کہ آتشزدگی کے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے حکومت بلوچستان یقین دلاتی ہے کہ اگر غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی حکومت بلوچستان اس کٹھن وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنائے گی۔