کمشنر ہزارہ کی زیرِ صدارت پٹن میں کھلی کچہری کاانعقاد

منگل 24 جون 2025 21:40

کوہستان لوئر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن کی زیرِ صدارت پٹن ضلع کوہستان لوئر میں جنرل کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل بیان کئے۔ اس موقع پر تمام ضلعی و واپڈا کے افسران بھی موجود تھے۔شہریوں اور کوہستان متحدہ جرگہ کے ممبران نے دیگر مسائل کے علاوہ باالخصوص واپڈا کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن نے کہا کہ واپڈا نے معاہدے کے تحت مختلف پراجیکٹس کی تکمیل کے حوالے سے ٹائم لائن دی ہوئی ہے جن پر دو دنوں کے اندر ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر کی زیرِ صدارت جائزہ میٹنگ ہوگی اور واپڈا ہر پراجیکٹ پہ ٹائم لائن کے مطابق پیش رفت پر اپنی پراگرس کے بارے میں آگاہ کرے گا۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ایکسیئن کو ہدایات جاری کی کہ پٹن میں پانی کی ترسیل کو ایک دن کے اندر بحال کیا جائے اور ایکسیئن سی اینڈ ڈبلیو کو کیال اور دوبیر روڈ کی فوری بحالی کے احکامات جاری کئے۔

کمشنر نے خصوصی طور پر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت جاری کی کہ کھلی کچہری میں اٹھائے گئے مسائل کو قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر کو ہدایات جاری کی کہ ان شکایات کے حوالے سے پراگریس ریویو اجلاس بھی منعقد کیاجائے اور ان شکایات کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں متعلقہ حکام سے پوچھا جائے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ ان کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :