پیدائشی نگہداشت کے ذریعے معذوری کے خطرات کو کم کرنے کے عنوان سے سیمینار منعقد

منگل 24 جون 2025 21:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) لاڑکانہ میں میری اسٹوپس سوسائٹی کی جانب سے معذور بچوں کی بحالی کے محکمے کے تعاون سے معذور بچوں کی پیدائش کو روکنے کے لیے “پیدائشی نگہداشت کے ذریعے معذوری کے خطرات کو کم کرنے” کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا جس میں خواتین کی بیماریوں کی ماہر ڈاکٹر دیالی گل، ڈپٹی ڈی ایچ او لاڑکانہ ڈاکٹر فرمان ابڑو، میری اسٹوپس سوسائٹی کے ریجنل چینل لیڈ سمیع اللہ بروہی، ضلعی افسر عبدالباسط برڑو، موبائل افسر انعام احمد، کلینک افسر ام کلثوم، معذور بچوں کی بحالی اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور معذور بچوں کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہر ڈاکٹروں اور میری اسٹوپس سوسائٹی کے افسران نے بتایا کہ سندھ میں روز بروز معذور بچوں کی پیدائش میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے شادی شدہ جوڑوں کو چاہیے کہ وہ مستقبل میں پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے شادی سے پہلے اپنا طبی معائنہ کروائیں اور کسی پیچیدگی کی صورت میں ماہر ڈاکٹروں سے علاج کروائیں، ساتھ ہی حاملہ خواتین کو بھی بچے کی پیدائش تک مسلسل ماہر گائناکالوجسٹ سے طبی معائنہ کرواتے رہنا چاہیے تاکہ صحت مند بچہ پیدا ہو، اس طریقے سے بھی معذور بچوں کی پیدائش کو بڑی حد تک روکا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خاندانوں کو چاہیے کہ بچوں کی کم عمری میں شادی سے گریز کریں اور 35 سال سے پہلے اپنی اولاد کی شادی کریں، کیونکہ وقت سے پہلے یا بہت دیر سے شادی کرنے کے باعث انسانی جینیاتی نظام میں تبدیلیاں آتی ہیں جس سے معذور بچوں کی پیدائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیملی پلاننگ کے ذریعے معذوری کے امکانات کو کم کیا جا سکتا ہے، اسی مقصد کے لیے معذور بچوں کے والدین اور عام لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے یہ سیمینار منعقد کیا گیا جس میں والدین کو فیملی پلاننگ کے بارے میں آگاہی دی گئی۔