بروج اسلامک انسٹیٹیوٹ بلوچ کالونی کیمپس میں دورہ علمیہ کا انعقاد

منگل 24 جون 2025 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء) بلوچ اسلامک انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام دورہ علمیہ کتاب شرح السنة کی تفسیر اور اس کے معنی و مطالب سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے مہد السلفی گلستان جوہر کے رئیس الجامعہ علامہ عبدالله ناصر رحمانی نے 10 اہلحدیث دینی مدارس کے طلبہ اور ادارہ ہذا کے طلبہ و طالبات کو خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کے اسلاف اور بانیان جماعت نے ہمیں منہج سلف کی اہمیت اور اہل سنت والجماعت کے متفقہ عقائد ودیگر اہم موضوعات پر سیرحاصل گفتگو کرکے ہمیں دینی و علمی منہج سے آگاہی فراہم کی ہے جسے میں آج بروج اسلامک انسٹیٹیوٹ میں بیٹھ کر آپ کو سلف صالحین اور بانیان جماعت کی وہ علمی گھتیاں سلجھانے کی کوشش کررہا ہوں جنہیں ہم عام حالات میں اور گھر میں بیٹھ کر نہیں سمجھ سکتے، بلکہ دینی مدارس اور دوسرے دینی اداروں میں اس طرح کی محفلوں کا انعقاد کرکے اس علمی منہج کو سمجھایا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف اور بانیان جماعت علامہ عطا الله شاہ بخاری ، علامہ پیر سید بدیع الدین شاہ راشدی (سندھی)، شاہ اسمٰعیل شہید، علامہ احسان الہی ظہیر و دیگر علماء کرام نے جس طرح دینی و دنیاوی اور مذہبی مسائل سے ہمیں اپنی اپنی لکھی گئی کتب میں اور بین الاقوامی مذہبی مصنفین کی لکھی گئی کتابوں کے مآخذ دینیہ کو جمع کرکے ہمیں آگاہ فرمایا ہے ، میں اپنے سلف صالحین اور علماء کرام کی دینی کاوشوں کا تذکرہ کرکے خوشی محسوس کرتا ہوں، اس لیے کہ انہوں نے ہمیں دینِ اسلام کی صحیح آگاہی فرما کر ہمیں دینی و دنیاوی قندیلوں پر براجماں کیا ہے، یہ ان کی محنتوں کا ثمر ہے ۔

اس موقع پر علامہ عبدالله ناصر رحمانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دینی مدارس جامعہ ابی بکر الاسلامیہ، جامعہ ستاریہ الاسلامیہ، معھد السلفی للتعلیم والتربیہ، معھد القرآن الکریم، جامعہ عثمان بن عفان بنارس کالونی، جامعة الاحسان گجر چوک منظور کالونی، دارالحدیث رحمانیہ سولجر بازار، الہیان اکیڈمی انسٹیٹیوٹ، رول ماڈل انسٹیٹیوٹ، جامعہ صفہ اور جامعہ الدراسات السلامیہ گلشن اقبال کے طلبہ کو اس دورہ علمیہ میں خوش آمدید کہتا ہوں اور ادارہ کے چیف ایگزیکٹو طلحہ احمد پاشا کو بھی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اہلحدیث دینی مدارس کے طلبہ اور بروج انسٹیٹیوت کے طلبہ کے لیے اس دورہ علمیہ کو گرانقدر خدمات سے سرفراز فرما کر اس کے انتظامات کو حتمی شکل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دینی محافل کا دینی اداروں اور دینی مدارس میں تواتر سے ہوتے رہنا ہی دینی طلبہ و طالبات کے ذہنوں میں دینی تڑپ اور اس کی جستجو میں کمال ہنرمندی کے جوہر نایاب امنڈ آیا کرتے ہیں ۔