تمام مکاتب فکر کے علما ء امت کو جوڑنے کا فریضہ ادا کریں‘ محمد سلیم قادری

محرم الحرام میں وحدت، اتحاد اور ملک میںامن قائم رکھنا تمام اہلِ اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے

بدھ 25 جون 2025 12:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)پاکستان سنی تحریک لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری، محمد سلیم قادری نے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علما ء امت کو جوڑنے کا فریضہ ادا کریں،محرم الحرام میں وحدت، اتحاد اور ملک میںامن قائم رکھنا تمام اہلِ اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، محرم الحرام میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ باہمی اختلافات اور بگاڑ نے اہلِ اسلام کے لیے بڑی مشکلات پیدا کی ہیں، جس کا تمام تر فائدہ اسلام دشمن اور اسلاموفوبیا میں مبتلا قوتیں اٹھارہی ہیں۔ آئینِ پاکستان کے مطابق پاکستان میں بسنے والے ہر فرد کے بنیادی حقوق اور دینی مسالک کا احترام و حفاظت سب کا فرض ہے۔ہمیں چاہیے کہ ہم حضرت سید نا امام حسینؓ کی قربانی سے سبق سیکھتے ہوئے ظلم، ناانصافی اور نفرت کے خلاف ڈٹ جائیں اور باہمی رواداری کو فروغ دیں۔مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی اجتماعات میں ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جو اشتعال انگیزی کا سبب بن سکتے ہوں۔ پاکستان سنی تحریک ماہِ محرم الحرام میں امن کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ سے ہر ممکن تعائون کرے گی۔