امیگریشن نظام کو ڈیجیٹلائز، امیگریشن کاؤنٹر پر کیمرے لگوادیئے گئے ہیں، ڈائریکٹر ایف آئی اے کا فیصل آباد چیمبر میں خطاب

بدھ 25 جون 2025 13:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) فیصل آبادکی بزنس کمیونٹی سے متعلقہ مسائل کو ایف آئی اے اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے باہمی تعاون سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ بات ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ملک سکندر حیات نے فیصل آباد چیمبر میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گائیڈ لائن کے حوالے سے سمگلنگ سمیت دیگر بہت سے متعلقہ قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ حال میں ہی اس کے دائرہ کار میں بیگری کوبھی شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیگریشن کے نظام میں بہتری کیلئے بہت سے معاملات کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ سٹاف کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ائیر پورٹ پر امیگریشن کے کاؤنٹر پر کیمرے لگوائے گئے ہیں تاکہ مسافروں کوزیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جا سکیں۔

(جاری ہے)

اینٹی منی لانڈرنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے سٹاف کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ انکوائری کے دوران صرف اصل ملزم کا اکاؤنٹ منجمد کیا جائے تاہم واضح شہادت کے بغیر دیگر متعلقہ پارٹیوں کے اکاؤنٹ منجمدکرنے سے گریز کیا جائے۔

اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ملک سکندر حیات کا خیر مقدم کیا اور ایف آئی اے سے متعلقہ بعض مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائمز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سلسلہ میں ایف آئی اے کو بزنس کمیونٹی کی آگاہی کیلئے سیمینارمنعقد کرنے چاہئیں جبکہ فیصل آباد چیمبر بھی اس سلسلہ میں تعاون کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے چیمبر کے ممبران کی سہولت کیلئے ائیر پورٹ پر خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ، مزمل سلطان، عمر فاروق کاہلوں، محمد علی، حاجی محمد عطا اللہ، ثنااللہ خان نیازی، سہیل بٹ، محمد مصطفی، اکبر ملک اور حبیب اللہ نے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو چیمبر کی شیلڈ پیش کرنے کے علاوہ چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی پن بھی لگائی۔