Live Updates

تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے ہمہ جہت عملی اقدامات کی ضرورت ہے،ڈاکٹر ذوالفقار علی قاضی

بدھ 25 جون 2025 19:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)معروف سماجی، علمی اور ادبی شخصیت، تنظیم بنو ہاشم پاکستان/کشمیر کے صدر ڈاکٹر ذوالفقار علی قاضی نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے ہمہ جہت عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف تقاریر یا دعوؤں سے کام نہیں چلے گا، بلکہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی، عوامی خوشحالی اور سیاحت کے فروغ کے لیے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر محض ایک انتظامی وحدت نہیں بلکہ یہ خطہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، جسے سیاسی، سفارتی اور عوامی محاذوں پر ایک ماڈل ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اگر ہم اس خطے کو ترقی، تعلیم، صحت، سیاحت اور سماجی انصاف میں مثالی بنا دیں، تو دنیا خود بخود کشمیریوں کے مؤقف تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوالفقار علی قاضی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خاص طور پر دریائے جہلم اور دریائے نیلم کے پوٹینشل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ: ''ان قدرتی دریاؤں کے کنارے جگہ جگہ جدید کھیلوں، آؤٹ ڈور تفریحی سرگرمیوں، آبی کھیلوں (واٹر اسپورٹس) اور سیاحتی مقامات کی منصوبہ بندی کر کے نہ صرف مقامی روزگار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو راغب کر کے ریاستی معیشت میں نئی جان ڈالی جا سکتی ہے۔

''انہوں نے حکومت آزاد کشمیر، محکمہ سیاحت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت عمل کا ہے، محض کاغذی منصوبوں اور تختیوں سے ترقی ممکن نہیں۔ عملی اقدامات کی ضرورت ہے جن کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔ڈاکٹر قاضی نے اس امر پر زور دیا کہ کشمیر میں موجود اعلیٰ تعلیمی ادارے، نوجوان افرادی قوت، قدرتی وسائل اور ثقافتی ورثہ ایک زبردست پیکیج ہے جسے درست حکمت عملی کے تحت بروئے کار لا کر عالمی سطح پر کشمیر کی مثبت تصویر اجاگر کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی مثبت سرگرمیوں، تہذیب، ادب، ثقافت، اور مہمان نوازی کو اُجاگر کرے تاکہ دنیا صرف جنگ، احتجاج اور تنازعہ کے بجائے یہاں کی خوبصورتی اور امن دوست فطرت سے بھی آشنا ہو۔ڈاکٹر ذوالفقار علی قاضی نے اس موقع پر اپنی تنظیم ''بنو ہاشم پاکستان/کشمیر'' کی جاری سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم معاشرتی فلاح، تعلیمی ترقی، اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے، اور ہر سطح پر نوجوانوں کو ایک بہتر، باشعور اور پرامن شہری بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات