Live Updates

جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس :عمران خان کی پیشی کے لیے عدالت نے وزارتِ قانون کو دوبارہ خط لکھ دیا

بدھ 25 جون 2025 21:24

جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس :عمران خان کی پیشی کے لیے عدالت نے وزارتِ قانون ..
اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2025ء)جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں عمران خان کی پیشی کے لیے عدالت نے وزارتِ قانون کو دوبارہ خط لکھ دیاہے اور سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔خط میں بانی پی ٹی آئی کی اگلی تاریخ سماعت پر پیشی کوممکن بنانے کہاگیاہے۔عدالت کی جانب سے لکھاجانے والایہ دوسراخط ہے ،پہلے خط کاتاحال جواب موصول نہیں ہوسکا ہے۔

بدھ کوانسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز کی سماعت ہوئی، جس کی صدارت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔عدالت نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے یا ان کا جیل ٹرائل کرنے کے حوالے سے وزارتِ قانون کو خط لکھا ہے۔ اس سے قبل بھی بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے وزارتِ قانون کو خط لکھا جا چکا ہے، تاہم کسی قسم کا جواب موصول نہیں ہوا، جس پر اب دوبارہ خط ارسال کیا گیا ہے تاکہ آئندہ سماعت میں پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث آج کی سماعت کے دوران کوئی باقاعدہ کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی، تاہم پارٹی کے دیگر رہنما جن میں سینیٹر شبلی فراز، راجا بشارت اور علی نواز اعوان شامل ہیں، عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے ہمراہ وکلا سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ، مرتضیٰ طوری اور دیگر بھی عدالت میں موجود تھے۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ رمنا میں جوڈیشل کمپلیکس حملے کے سلسلے میں 2 مقدمات درج ہیں، جن پر قانونی کارروائی جاری ہے۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت کے لیے وزارتِ قانون کے جواب کا انتظار کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات