عوامی مسائل کا فوری حل حکومت کی اولین ترجیح ہے،کمشنر ہزارہ ڈویژن

بدھ 25 جون 2025 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے اور یہ خیبرپختونخوا حکومت کے عوامی ایجنڈے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کھلی کچہریوں میں اٹھائے گئے مسائل کو قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹن، ضلع کوہستان میں منعقدہ ایک جنرل کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر واپڈا، ضلعی محکموں کے افسران، کوہستان متحدہ جرگہ کے اراکین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے واپڈا کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد سمیت دیگر عوامی مسائل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ ڈویژن نے واضح کیا کہ واپڈا نے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لیے مقررہ مدت (ٹائم لائن) دی ہوئی ہے۔

ان منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے آئندہ دو دنوں میں ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوگا، جس میں واپڈا حکام ہر منصوبے سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ، ہر ماہ کمشنر کی سربراہی میں جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا تاکہ معاہدوں پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ایکسیئن کو فوری طور پر ہدایت دی گئی کہ پٹن میں پانی کی ترسیل 24 گھنٹوں کے اندر بحال کی جائے، جبکہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ایکسیئن کو کیال اور دوبیر روڈ کی فوری مرمت کے احکامات جاری کیے گئے۔

کمشنر نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو خصوصی طور پر تاکید کی کہ کھلی کچہری میں سامنے آنے والی شکایات کو قانون کے مطابق فوری طور پر حل کیا جائے۔ ساتھ ہی، ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر کو ہدایت کی کہ ان شکایات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے علیحدہ اجلاس منعقد کیا جائے اور تمام محکموں سے ان شکایات کی تازہ ترین صورتحال طلب کی جائے۔