ون سٹاپ پروٹیکشن سینٹرز متاثرہ افراد کے تحفظ کا پائیدار ماڈل بن رہے ہیں، ڈی آئی جی حیدرآباد

بدھ 25 جون 2025 22:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں قائم ون سٹاپ پولیس پروٹیکشن سینٹر سے پھوٹنے والی روشنی کی کرن سندھ کے دیگر شہروں میں قائم کیے جانے والے سینٹرز کو منور کرے گی،تربیتی ورکشاپس نہ صرف اداروں میں ہم آہنگی پیدا کرتی ہیں بلکہ شرکا کی صلاحیتوں اور استعداد کار میں اضافے کا بھی باعث بنتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنفی بنیاد پر تشدد سے متاثرہ افراد کی باوقار بحالی کے لیے پاتھ فائنڈر انٹرنیشنل، UNFPA اور FCDO کے "آواز II" پروگرام کے تحت مقامی ہوٹل میں منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کا موضوع "معذور افراد کے لیے جامع جی بی وی ریفرل راستے اور متاثرین پر مبنی معاونت"تھا ۔

(جاری ہے)

یہ ورکشاپ ون سٹاپ پروٹیکشن سینٹر (OSPC) کے ریفرل شراکت داروں کے لیے پہلی تربیتی نشست تھی، جس میں مختلف سرکاری محکموں، سول سوسائٹی تنظیموں (CSOs) اور سروس فراہم کرنے والے اداروں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔

ورکشاپ کا مقصد سندھ حکومت کے کثیر الجہتی تعاون کے ماڈل کو فروغ دینا اور متاثرہ افراد کو مؤثر معاونت فراہم کرنا تھا۔ ورکشاپ میں ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو، ایڈیشنل آئی جی جینڈر اور انسانی حقوق شہلا قریشی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صبا اسرار، اے ایس پی درِ تابش، سب انسپکٹر غلام سکینہ (SHO وومین پولیس اسٹیشن)، محترمہ بختاور زرداری، محترمہ صدف رباب، ڈاکٹر اشفاق میمن، محترمہ نازیہ فرخ اور دیگر محکموں و اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

شہلا قریشی نے سندھ میں قائم ون سٹاپ سینٹرز پر پولیس کے کردار اور اقدامات کی تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ سرتاج عباسی (UNFPA) نے متاثرہ افراد پر مبنی اخلاقی اصولوں اور ریفرل میکانزم پر روشنی ڈالی جبکہ سمعیہ اشفاق (پاتھ فائنڈر) نے جینڈر بیسڈ وائلنس، معذوری اور باہمی تعلق پر تفصیلی گفتگو کی۔ ابیہا اکرم نے معذور خواتین کے مسائل، غلط فہمیوں اور ریفرل کے مراحل پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ ورکشاپ کے اختتام پر ڈی آئی جی طارق دھاریجو، ایس ایس پی عدیل چانڈیو، محترمہ شہلا قریشی اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکا میں اسناد تقسیم کیں اور OSPC کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔