میرواعظ کا شہری کو گاڑی کے بونٹ سے باندھنے والے بھارتی پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کامطالبہ

بدھ 25 جون 2025 22:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ایک شہری کو گاڑی کے بونٹ سے باندھنے اور جموں کے ایک بازار میں گھمانے میں ملوث بھارتی پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ پولیس نے شہری پر چور ی کا الزام لگایا تھا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے ”ایکس “پر لکھا ” کشمیریوں کے ساتھ ان کی اپنی سرزمین پر ایسا سلوک ،انسانی وقار کو چھین لیا گیا، دراصل یہ اس نظام اور ذہنیت کے لیے باعثِ شرم ہے جو مذہب اور علاقے کی بنیاد پر لوگوں کی تذلیل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے، یہ پہلی بار نہیں ہے، ایک گوگوئی بھی اسی طرح کی بربریت کے لیے بدنام ہے۔

حکمران اور منتخب نمائندے تمام ملوث پولیس اہلکاروں کو سزا دیں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ یاد رہے کہ بھارتی فوج کے میجر گوگوئی نے ضلع بڈگام میں 9اپریل 2017کو مشتعل کشمیریوں کے پتھرائوسے بچنے کیلئے ایک شہری فاروق احمد ڈار کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرتے ہوئے اپنی جیپ کے بونٹ سے باندھ کو گاﺅں میں گھمایا تھا ۔